اسرائیل نے دو ہفتے کے محاصرے کے بعد غزہ کےالشفا اسپتال سےاپنے فوجی اور ٹینک ہٹالیے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پیر کے روز الشفا اسپتال سے ٹینک اور فوجی گاڑیاں ہٹالی ہیں۔
حکومتی میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل نے انخلا کے وقت افواج کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اسپتال کے اطراف میں بمباری بھی کی۔
غزہ کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الشفا میڈیکل کمپلیکس سے درجنوں لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں کچھ خراب ہوچکی ہیں جب کہ اسرائیلی فوج نے جاتے جاتے کمپلیکس کی عمارتوں کو آگ لگادی اور اسے ناقابل استعمال بنادیا۔
وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل کمپلیکس میں اندر اور اطراف کی عمارتوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہوئی ہے۔
اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اسپتال سے 20 سے زائد لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں سے کچھ کو اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے کچل دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے بھی الشفا اسپتال سے افواج کے انخلا کی تصدیق کردی ہے۔
ایک بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ فوج نے دو ہفتے تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران مقابلے میں کئی مسلح افراد کو ہلاک کیا اور ہتھیار اور انٹیلی جنس معلومات قبضے میں لیں۔
خیال رہے کہ الشفا اسپتال میں مریضوں اور زخمیوں کے علاوہ ہزاروں بے گھر فلسطینی بھی پناہ لیے ہوئے تھے۔