اسلام آباد:: سعودی عرب نے پاکستان اور اس کی معیشت کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کے لیے 3 ارب امریکی ڈالر کی مدت میں توسیع اور رقم کی مالیت کو بڑھایا جائے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی معیشت کو سنبھالنے کا اعلان کیا ہے۔مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور اس کے عوام کے مفاد میں معاشی ڈھانچے کی اصلاحات کے لیے مدد جاری رکھی جائے گی،
پاکستان کی بھرپور مدد اور حمایت جاری رکھنے پر سعودی عرب کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔دونوں ممالک کے نجی شعبے میں تعاون بڑھانے، انویسٹمنٹ پارٹنر شپس بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کے کاروباری شعبے اور سرمایہ کاروں میں ملاقاتیں اور رابطے بڑھائے جائیں گے اور انوسٹمنٹ فورمز منعقد ہوں گے۔
دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں دونوں طرف سے ’’سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل‘‘ کے ذریعے امورِکار کو مضبوط بنانے، دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی تبادلوں کو متنوع بنانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان رابطوں اور بات چیت بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو حقیقی وعملی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔