برطانیہ بھر میں ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے سامان پر پابندی عائد

0

برطانیہ میں ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے سامان جیسے پلیٹوں، کپ، چمچ اور کانٹے وغیرہ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اس سے قبل 2022 میں اسکاٹ لینڈ جبکہ ستمبر 2023 میں ویلز میں اس طرح کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

پلیٹوں اور دیگر سامان کے ساتھ ساتھ ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک ٹرے، ڈونگے اور غباروں کی اسٹک پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

برطانوی حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی اس پابندی کا مقصد پلاسٹک کی آلودگی کو کم کرنا ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق برطانیہ میں اس طرح کے پلاسٹک کے سامان کے 4 ارب یونٹ ہر سال استعمال کیے جاتے ہیں۔

وزیر ماحولیات Thérèse Coffey نے اس پابندی کا اعلان جنوری میں کیا تھا اور اب اس کا اطلاق ہوا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پلاسٹک سے ہمارے ماحول اور جنگلی حیات پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس نئی پابندی سے مستقبل کی نسلوں کے لیے ماحولیات کو بچانے میں مدد ملے گی۔

اس نئی پابندی سے ٹیک اوے فوڈ وین، عام دکاندار، اسٹال اور ریسٹورنٹس وغیرہ متاثر ہوں گے جبکہ اس طرح کے سامان استعمال کرنے پر بھاری جرمانے کی سزا سنائی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق پلاسٹک کے مختلف سامان پرپابندی سےصارفین کو وقتی دشواری کا سامنا ہوگا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.