ویب ڈیسک
وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف کل وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ بلوچستان میں امن و امان سے متعلق ایک اہم سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی ہوں گے۔
اس اجلاس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔
وزیرِاعظم کو بلوچستان میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی بحالی اور سیکیورٹی اقدامات سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں دہشت گردی کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں، جس کے بعد حکومت نے سیکیورٹی کی بہتری کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
وزیرِاعظم کا یہ دورہ بلوچستان میں امن و استحکام کے حوالے سے نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔