اسلام آباد ہائی کورٹ میں دیگر صوبوں کے ججز کی تعیناتی خوش آئند ہے، میر عطاء اللہ لانگو

ویب ڈیسک

بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطاء اللہ لانگو نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دیگر صوبوں کے ججز کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت صدرِ مملکت کو ججز کی تقرری اور تبادلے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سینئر اور قابل ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعیناتی آئینی اصولوں کے مطابق ایک مثبت قدم ہے اور اس سے عدالتی نظام میں مزید بہتری آئے گی۔

میر عطاء اللہ لانگو نے صدرِ پاکستان کی جانب سے حالیہ دنوں میں بلوچستان، سندھ اور لاہور سے تین ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت صدر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی جج کو ایک ہائی کورٹ سے دوسرے ہائی کورٹ میں منتقل کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدرِ مملکت کی جانب سے کیے گئے یہ تقرر آئین کی پاسداری کے حوالے سے قابلِ ستائش ہیں اور بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ایسے تمام اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو آئین کی عملداری اور عدالتی نظام کی بہتری کو یقینی بناتے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.