ویب ڈیسک
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے خیبر پختونخوا کے علاقے درابن میں لیویز فورس کے اہلکاروں کی شہادت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی ٹریبونل آف انکوائری قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کو ٹریبونل آف انکوائری کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
ٹریبونل کو سانحہ درابن کی تحقیقات کے لیے تین نکاتی مینڈیٹ دیا گیا ہے۔
اس ٹریبونل کا مقصد یہ تعین کرنا ہے کہ وہ حالات کیا تھے جن کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا۔
اس کے علاوہ، ٹریبونل اس بات کی بھی تحقیقات کرے گا کہ اگر کسی قسم کی کوتاہی ہوئی ہے تو اس کی نشاندہی کرے اور سانحہ کے ذمہ دار افراد کا تعین کرے۔
ٹریبونل آف انکوائری کو سات دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ لیویز فورس بلوچستان کے چار اہلکار ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بم دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹریبونل کی تحقیقات کی بنیاد پر واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔