اورماڑہ( خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے
کیڈٹ کالج اورماڑہ وساحلی علاقوں میں نیوی کے دیگر معیاری تعلیمی ادارے اور ہسپتال ان علاقوں کے ساتھ صوبے کے دیگر علاقوں کے عوام کو بھی تعلیم اور صحت کی اعلیٰ سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔
کیڈٹ کالج اورماڑہ اور پی این ایس درمان جاہ ہسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت
صوبائی وزراء میر نصیب اللہ مری، میر ظہور بلیدی، عبدالخاق ہزارہ اور اراکین اسمبلی بشریٰ رند، مبین خان اور دنیش کمار بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے دوروں کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غلط منصوبہ بندی اور وسائل کے ضیاع کے باعث عوام تک وہ سہولتیں نہیں پہنچ سکیں جن کے وہ حقدار ہیں۔
بلوچستان تعلیم اور صحت کے شعبے میں پیچھے رہ گیا ہے ہم کوشش کریں گے کہ دستیاب وسائل کے بہترین مصرف کو یقینی بناکر اپنے عوام کے لئے کچھ کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج اورماڑہ نے اپنے قیام کے کچھ عرصہ ہی میں اپنا مقام بنالیا ہے اور آج یہاں بلوچستان کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں کے طلباء زیر تعلیم ہیں
اس ادارے میں تعلیم حاصل کرنا ایک اعزاز بن گیا ہے انہوں نے کالج کے ڈسپلن اور معیار کو سراہا۔ قبل ازیں کالج پہنچنے پر کیڈٹس نے وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا
کالج کے پرنسپل کموڈور مقصود احمد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ادارے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کالج میں پچاس فیصد نشستیں بلوچستان کے طلباء کے لئے مختص ہیں
جنہیں کالج کی جانب سے رہائش، یونیفارم، کتب اور ماہانہ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے اور تمام داخلے میرٹ کے تحت کئے جاتے ہیں ،
ادارے میں صوبے کے مختلف اضلاع کے طلباء زیر تعلیم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کالج کے مختلف حصوں اور کلاسوں کا معائنہ کیا اور طلباء سے مختلف سوالات پوچھے۔
بعدازاں وزیراعلیٰ نے پی این ایس درمان جاہ ہسپتال کا دورہ کیا اور ٹراما سینٹر، آپریشن تھیٹر سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 25بستروں کے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتیں بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہیں اور روزانہ دو سو سے زائد مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے۔
ہسپتال میں گائنی اور آپریشن کی سہولتیں بھی دستیاب ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے معیار کوسراہا۔