کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور پارٹی قیادت بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورۂ کوئٹہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران واضح پیغام دیا ہے کہ کسی کو بھی معصوم شہریوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو تہس نہس کرنے والی قوتوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان بلوچستان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں، جو اس بات کا مظہر ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر ہر اس سازش کو ناکام بنائے گی جو بدامنی اور انتشار کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے پرعزم ہے اور وزیراعظم کی قیادت میں وہ تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں جو اہلِ بلوچستان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاق اور صوبے کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع کیا جائے گا۔