لاہور معروف گلوکار علی ظفر نے اپنے نئے آنے والے البم حسن کا پہلا ٹریک ’’مولا‘‘ ریلیز کر دیا ہے۔ علی ظفر نے البم کا آغاز صوفیانہ کلام مولا سے کیا جو سننے والوں پر سحر طاری کر دیتا ہے۔ آواز اور مناظر سامعین کو مسحور کن روحانی سفر پر لے جاتے ہیں۔
ٹریک کی ویڈیو شاہی قلعے کے شیش محل میں عکس بند کی گئی۔ موسیقی گلوکار علی ظفر نے خود ترتیب دی جبکہ کلام کامل حیدرآبادی نے لکھا۔
گلوکار نے البم کا حوالے سے خصوصی پیغام بھی جاری کیا ہے۔علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہم سب اپنے سفر سے گزرتے ہیں اور زندگی کو منفرد انداز میں دیکھتے ہیں، یہ البم اس خاص سفر کی عکاسی کرتی ہے جس سے میں بطور فنکار گزرا ہوں۔خیال رہے کہ علی ظفر تقریبا 11 سال بعد نیا البم ریلیز کر رہے ہیں، ان کا آخری البم جھوم 2011 میں ریلیز ہوا تھا۔