ججز خط پر ازخود نوٹس: ملاقات میں وزیراعظم نے واضح پیغام دیا عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، چیف جسٹس

0

سپریم کورٹ نے اسلام ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے ججز کے خط کے معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، بینچ میں جسٹس منصورعلی شاہ،جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہرمن اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اخترافغان بھی شامل تھے۔

سماعت کے آغاز پر وکیل حامد خان نے کہا ہم نےلاہورہائیکورٹ بارکی طرف سے ایک پٹیشن کل دائر کی ہے، لاہور بار سب سے بڑی بار ہے جس نے پٹیشن دائر کی ہے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا حامد خان آپ سے زیادہ قانون کون جانتا ہے، اب وہ زمانےچلے گئے جب چیف جسٹس کی مرضی ہوتی تھی، اب تین رکنی کمیٹی ہے جو کیسز کا فیصلہ کرتی ہے، نہ کمیٹی کو عدالت کا اختیار استعمال کرنا چاہیے نہ عدالت کو کمیٹی کا اختیار استعمال کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کمیٹی کو عدالت اور عدالت کو کمیٹی کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، آج کل ہم گوبلز کا زمانہ واپس لا رہے ہیں، پروپیگنڈا ! (جوزف گوبلز ہٹلر کا پروپیگنڈا وزیر تھا)۔

عدلیہ کی آزادی پرکسی قسم کا حملہ ہوگا تو سب سے پہلے میں اور میرے ساتھی کھڑے ہوں گے: چیف جسٹس

چیف جسٹس نے وکیل حامد خان سے استفسار کیا آپ نے کوئی درخواست دائر کی ہےتو کمیٹی کو بتائیں، پٹیشنز فائل ہونے سے پہلے اخباروں میں چھپ جاتی ہیں، کیا یہ پریشر کیلئے ہے؟ میں تو کسی کے پریشر میں نہیں آتا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے نئی چیز شروع ہو گئی ہے، وکیل کہہ رہے ہیں ازخود نوٹس لیں، جو وکیل ازخود نوٹس لینے کی بات کرتا ہے اُسے وکالت چھوڑ دینی چاہیے۔

 جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا عدلیہ کی آزادی پرکسی قسم کا حملہ ہوگا تو سب سے پہلے میں اور میرے ساتھی کھڑے ہوں گے، عدلیہ کے کام میں مداخلت ہم پسند نہیں کرتے، اگر کسی کا اور ایجنڈا ہےکہ میں ایساکروں یا ویسےکروں تو چیف جسٹس بن جائیں، ہم دباؤ نہیں لیں گے، ہم ایڈمنسٹریٹولی کام کر رہے ہیں، ہم نے ایگزیکٹو سے چھپ کر گھر میں میٹنگ نہیں کی، چیمبر میں میٹنگ نہیں کی، ہم نے ایڈمنسٹریٹو حیثیت میں میٹنگ کی، اس میں قانون میں فرق واضح ہے۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے انکوائری کیلئےکوئی اقدام خود نہیں اٹھایا تھا، سپریم کورٹ نے دو نام تجویزکیے تھے، ناصرالملک اور تصدق جیلانی کے، تصدق حسین جیلانی سے وزیرقانون لاہور میں ملے اوربتایا آپ کا نام آیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہم نےچیمبریا گھر میں نہیں بلکہ سپریم کورٹ میں باقاعدہ میٹنگ کی، میٹنگ میں وزیراعظم بطور انتظامیہ بطور سربراہ مقننہ بیٹھے تھے، میٹنگ میں دوسری جانب عدلیہ کی انتظامیہ بیٹھی تھی۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا تصدق جیلانی نے کہا آپ ٹی او آر فائنل کر کے دیں تو جواب دوں گا، تصدق حسین جیلانی سے دوبارہ پوچھا گیا، پھر نام کا اعلان کیا گیا، حکومت نے درخواست کی تھی کمیشن کے لیے سپریم کورٹ نام دے، یہ تاثر پیدا ہوا کہ جیسے یہ وفاقی حکومت کا بنایا ہوا کمیشن ہے، جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی نے پوچھا کمیشن کو کون سی جگہ دی جائے گی، انہیں بتایا گیا کہ فیڈرل شریعت کورٹ کی بلڈنگ میں کمیشن کام کرے گا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا ہم نے ایسے نام تجویز کیے جن پر کم سے کم انگلی اٹھائی جائے، سوشل میڈیا پر اُن کے متعلق عجیب عجیب باتیں ہوئیں، مجھے بڑی شرمندگی ہوئی، کسی مہذب معاشرے میں ایسی باتیں ہوتی ہیں، سمجھ نہیں آرہا ہم کس طرف جا رہے ہیں، اگر آپ کو کوئی اختلاف ہے تو لکھ سکتے تھے، اپنی باڈیزکو لکھ سکتے تھے، تصدق جیلانی شریف آدمی ہیں، وہ تو جواب نہیں دیں گے، وہ شریف آدمی تھے، انہوں نے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ذاتی حملے ہوئے اور ایساماحول بنایاگیا تو کون شریف آدمی ایسی قومی سروس کرےگا، سوشل میڈیا سے عجیب عجیب باتیں سابق چیف جسٹس کے بارے میں شروع کردی گئیں، مجھے شرمندگی ہو رہی تھی کہ ایک شریف آدمی جسے ہم نے کمیشن کیلئے نامزد کیا تھا اس پر حملے شروع ہوگئے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا میں جمہوریت پریقین رکھتاہوں، میں نے ہر موقع پر مشاورت کی ہے، کیا ہم نےفیصلہ کرلیا ہےکہ ہمیں اس ملک اور قوم کو برباد کرنا ہے، آئین کو پڑھنا ہم نے چھوڑ دیا ہے، وزیراعظم ایڈمنسٹریٹیو ہیڈ بھی ہیں اور ایک حد تک مقننہ کے بھی ہیڈ ہوتے ہیں۔

قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا جب سے چیف جسٹس بنا کہتاہوں اپنی آئینی حدود میں رہ کرکام کرنا چاہیے، ہمارے پاس آئین میں کمیشن بنانے کا اختیار نہیں ہے، کمیشن بنانےکا اختیارسرکارکاہے، ہم نےمشورہ کیا اور نام دیے۔

 ایک طرف عدلیہ کی آزادی دوسری طرف ایگزیکٹوکی ساکھ خطرے میں ہے: اٹارنی جنرل

اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایک شخص مرزا افتخار نےجسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف وی لاگ کیا اور قتل کی دھمکیاں دیں، عدالت میں معاملہ آیا اور ایف آئی اے کو انکوائری کی ہدایت کی گئی، ایف آئی اے نے اس میں سے دہشتگردی کی دفعات ختم کر دیں، قاضی فائز  عیسیٰ نے 161 کے بیان میں شہزاد اکبر کا نام لیا۔

منصور عثمان نے بتایا کہ قاضی فائز عیسیٰ نے وزیراعظم کے مشیر داخلہ اور اس وقت کے  آئی ایس آئی کے ڈی جی سی فیض حمیدکا نام لیا، لیکن اس کے بعد معاملہ لٹکا دیا گیا اور اس دوران دو چیف جسٹس ریٹائر ہوگئے، اس خط کے بعد ایسا نہیں کیا گیا۔

 اٹارنی جنرل نے کہا ایک طرف عدلیہ کی آزادی دوسری طرف ایگزیکٹوکی ساکھ خطرے میں ہے، یقین دلاتا ہوں وفاقی حکومت کوئی ایساعمل نہیں کرےگی جس سےعدلیہ کی آزادی متاثرہو، عدلیہ کی آزادی ریاست اور شہریوں کے درمیان سماجی معاہدہ ہے، حکومت عدلیہ کی آزادی کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرےگی۔

ججز کو یقین ہونا چاہیے کہ ان کو کوئی خطرہ نہیں ہے: چیف جسٹس پاکستان

چیف جسٹس پاکستان نے کہا پریشر آپ کو کولیگ سے، سینئر، جونیئر، فیملی سے اور دوستوں سے بھی آسکتا ہے، ہم ججز کے خط کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں، اس خط کے کئی پہلو ہیں، خط میں سپریم جوڈیشل کونسل کا ذکر ہے، اس کا اختیار واضح ہے، ایک مشہور زمانہ کیس جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا تھا، سپریم کورٹ بیٹھی اور حال ہی میں فیصلہ دیا، ججز کو یقین ہونا چاہیے کہ ان کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ایسا نہیں کہ اگر کوئی شکایت ہو تو وہ ججز کے گلے پڑ جائے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا میں کسی اور عدالت کی توہین عدالت کا اختیار استعمال نہیں کر سکتا، جس عدالت کی توہین ہوگی وہ خود ہی یہ اختیار استعمال کرے گی، جو لوگ چلے گئے ان پر انگلی اٹھانا نہیں چاہتا، صرف بات کرنا چاہتا ہوں، دو چیزیں ہیں، انکوائری، حقائق سامنے لانا، یہ دو کام کون کرے، یہ معاملہ ہے جیلانی صاحب کےکمیشن کا، یا پولیس کرے، یا ایف آئی اے کرے، ایجنسیاں کریں، ہم نہیں چاہتے تھے یہ انکوائری دیگر  ادارے کریں، ہم چاہتے تھے وہ تحقیقات کرے جو معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہیں، اب معاملے کی تحقیقات کون کرے یہ سب سے بڑا سوال ہے۔

چیف جسٹس نے کہا عمر عطا بندیال کے بعد سینئر جج میں تھا، پھر سردارطارق، پھر اعجازالاحسن تھے، میرے سیکرٹری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز آپ سے ملنا چاہتے ہیں، ہم نے کبھی کسی جج کو منع نہیں کیا کہ وہ توہین عدالت کی کارروائی نا کرے، اگر کوئی بھی جج کےکام میں مداخلت کرے یقیناً توہین عدالت کی کارروائی کریں، میں نے پوچھا کب ملنا چاہتے ہیں تو بتایا کہ وہ گھر کے باہر کھڑے ہیں۔

توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار آئین پاکستان نے دیا ہے: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کسی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئےنا سپریم کورٹ کی اجازت چاہیے نا جوڈیشل کونسل کی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط چیف جسٹس بندیال کے پاس آیا تھا، انہوں نے نہ مجھے اور نہ میرے بعد سینیئر جج سردار طارق کو میٹنگ میں بلایا،جسٹس بندیال نے جسٹس اعجازالاحسن کو اس میٹنگ میں بٹھایا، اُس وقت ہمیں اس بارے میں نہیں بتایا گیا۔

ان کا کہنا تھا توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار آئین پاکستان نے دیا ہے، کوئی قانون توہین عدالت کارروائی کا اختیار کمزور نہیں کر سکتا، اگر سول جج کی توہین ہو رہی ہے تو اس کا اپنا اختیار ہے، اگر ہائیکورٹ کے جج کی توہین ہے تو اس کا اپنا اختیار ہے،  ہمارا کام نہیں ہے کہ کسی کی بےعزتی کریں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا معاشرے میں بہت گند آگیا ہے، اگر عدالت توہین عدالت کا نوٹس دے تو جواب دینا پڑتا ہے، ہمارے پاس الیکشن کا معاملہ آیا تھا، یہاں شرطیں لگی تھیں کہ الیکشن نہیں ہوگا،میں نےکہا تھا یہ کام الیکشن کمیشن کا ہے، جو ہمارا کام تھا ہم نے کیا اور اداروں سے ان کا کام کرایا۔

انہوں نے کہا جب سے چیف جسٹس بناہوں کوئی نہیں کہہ سکتا میرےکام میں مداخلت ہو رہی ہے، وکیل میرے پاس کیوں آرہے ہیں، اپنے متعلقہ فورم پر جائیں، 300 وکلا کا بغیر دستخط والا خط چلایا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا خط میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کے ادارے کے جواب کی ضرورت ہے، اس سے زیادہ ادارے کی جانب سے رسپانس نہیں دیا جا سکتا، فوری وزیراعظم سے ملاقات کی، فل کورٹ کی دو میٹنگز ہوئیں، عدالت میں ہم وزیراعظم کو نہیں بلا سکتے ان کو آئین میں استثنیٰ حاصل ہے، ہم نوٹس دیں گے تو سیکرٹری آ جائے گا، میں نے وزیراعظم کوبلاکر ملاقات کی اور واضح پیغام دیا عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کام نہیں ہے کہ ہم کسی کی عزت اچھالیں، ایک طرف پارلیمان ہے، دوسری طرف صدر اور تیسری طرف حکومت بیٹھی ہے، ہم سب کا احترام کرتے ہیں اور سب سے احترام کی توقع کرتے ہیں،غلط کام کریں گے ہم فورا پکڑیں گے، نظام تب چلےگا جب ہرکوئی اپناکام کرےگا، ہم تو اپنا احتساب کرکے دکھا رہے ہیں، جس جج سے زیادتی ہوئی ہم نے اسے درست کرنے کی کوشش کی، سابقہ کیسز میں جو غلطیاں ہوئیں ہم نے اسے بھی تسلیم کیا،میں اپنے ججز کے ساتھ کھڑا ہوں، اگرکسی جج پرکوئی چیز ثابت نہیں تو میں اسے قابل احترام مانتا ہوں۔

 ہم شتر مرغ کی طرح ریت میں گردن چھپاکر اس اہم معاملے سے نہیں بچ سکتے: جسٹس منصور علی شاہ

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہم شتر مرغ کی طرح ریت میں گردن چھپاکر اس اہم معاملے سے نہیں بچ سکتے، ایک سول جج پر دباؤ آئے تو اسے کیسے محفوظ کرنا ہوگا، یہ سنجیدہ معاملہ ہمیں حل کرنا ہوگا۔

ملک میں سیاسی انجینئرنگ ہوتی رہی ہے اور تاثر ہے کہ سپریم کورٹ بھی ملوث رہی ہے: جسٹس اطہر من اللہ

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سب کوپتا ہےکیاہو رہاہے مگر سب تاثر دے رہے ہیں کچھ نہیں ہو رہا، اٹارنی جنرل صاحب آپ یہاں کھڑے ہو کربیان جاری نہیں کر سکتے، ملک میں سیاسی انجینئرنگ ہوتی رہی ہے اور تاثر ہے کہ سپریم کورٹ بھی ملوث رہی ہے، خط میں جج کہہ رہے ہیں یہ سیاسی انجینئرنگ اب بھی جاری ہے، ججز نے جو انگلی اٹھائی ہے وہ ملک میں مداخلت کےکلچرکی ہے اوریہ سب سےاہم سوال ہے۔

میرے وقت میں کچھ ہوا تو میں اسے برداشت نہیں کروں گا: چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ججز بھی چاہتے ہیں کہ انکوائری ہو،  ہم اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے، بہت کچھ ہو رہا ہے، 2017 سے یہ سب چلتا آرہا ہے، ماضی کو نہ کھولا جائے، میرے وقت میں کچھ ہوا تو میں اسے برداشت نہیں کروں گا، مجھے نشاندہی کرائی جائے اور میں بتاؤں گا کہ میں کیا کرتا ہوں۔

جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا اس وقت کےچیف جسٹس کے خلاف کچھ عرصہ قبل ایک ریفرنس آیا تھا، ریفرنس سپریم کورٹ سے خارج ہو گیا تھا، اس وقت کے وزیراعظم نے کہا کہ ان سے غلطی ہوئی تھی جو کرائی گئی تھی، کیا آپ نے معلوم کیا وہ غلطی کس نے کی تھی اور کیوں کی تھی، کیا وہ معاملہ اس عدالت میں مداخلت کا نہیں تھا، پوچھیں اُس وقت کے وزیراعظم سے وہ کیا تھا اور کیوں تھا۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا ہر ہائیکورٹ کے پاس اپنی پاور ہے، وہ استعمال کریں ناں، ہم ہائیکورٹس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہ رہے۔

فی الوقت 7 ججز دستیاب تھے ہو سکتا ہے آئندہ فل کورٹ بیٹھے: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہم 7 جج اس لیے بیٹھے ہیں کیونکہ صرف 7 جج ہی اسلام آبادمیں دستیاب تھے، دیگر ججزاسلام آباد میں نہیں تھے اس لیے فل کورٹ نہیں بیٹھا، کچھ ججز لاہور اور کچھ کراچی میں ہیں، ہو سکتا ہے آئندہ فل کورٹ بیٹھے۔

چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا ہم کب تک ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھائیں گے، یہ ملک آپ کابھی ہےاور میرابھی، ہم آگےچلتےہیں، بہتری کی طرف چلتےہیں، ہر موڑ پر سنجیدگی ہے، کچھ نئی پٹیشنز آرہی ہیں، آئین کا آرٹیکل 203 بہت اہمیت کا حامل ہے، آئین میں کسی عدالت کو دوسری پر برتری نہیں ہے۔

انہوں نے کہا 6 ججزکہہ رہے ہیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کوکہا مگر انہوں نےکچھ نہیں کیا، ہائیکورٹ کے پاس اپنے اختیارات ہیں، چیف جسٹس کیوں نہیں استعمال کر رہے، ہم مداخلت نہیں کرناچاہ رہے مگر ہم انہیں ان کے اختیارات سے آگاہ توکر سکتےہیں۔

سپریم کورٹ نے ججز کے خط کے معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے عدلیہ کے معاملات میں خفیہ اداروں کی مداخلت کے الزامات لگائے تھے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں انکوائری کمیشن قائم کیا گیا تھا تاہم جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی نے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر لی تھی۔

سپریم کورٹ نے معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا جبکہ مختلف وکلا اور لاہور ہائیکورٹ بار نے بھی اس حوالے سے آئینی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں
1 of 8,730
You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.