کینیڈین یوٹیوب وی لوگرزبلوچستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم

بلوچستان 24 ڈیسک

  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کینیڈا سے آئے ہوئے یوٹیوب وی لوگرز کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔

صوبائی وزیر انجینئر زمرک اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد کے شرکا نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد بلوچستان کی ثقافت اور سیاحت کو سوشل میڈیا کے ذریعہ فروغ دینا ہے تاکہ سرزمین بلوچستان کا عکس دنیا کے سامنے نمایاں ہو سکے۔

اس موقع وزیراعلی نے کہا کہ یقینا سوشل میڈیا کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کے کلچر اور سیاحت کو احسن انداز سے فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آشنا ہے جس سے ہمیں پوری طرح سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلی نے وفد کے شرکا کو بتایا کہ بلوچستان میں 750 کلو میٹر  سے زائد ساحلی پٹی صوبے کی سیاحت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جس میں کنڈ ملیر اور اسٹولا آئی لینڈ جیسے خوبصورت سیاحتی مقامات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی قدیم ترین ثقافت مہرگڑھ بھی بلوچستان سے تعلق رکھتی ہے جسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ قدرتی طور پر وجود میں آنے والے پرنسز آف ہوپ کا شاندار مجسمہ ابھی تک دنیا کے سامنے صحیح طور سے عیاں نہیں ہوا،بلوچستان کے روایتی کھانوں سے دنیا کو روشناس کرانے میں سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے،

وزیراعلی نے کہا کہ ماضی میں سیاحت پر توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث یہ شعبہ ترقی اور ترویج میں پیچھے رہ گیا ہے لیکن موجودہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ میں سنجیدہ ہے جس کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیر فنڈز مخت کئے گئے ہیں،

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے بلوچستان کے صحت افزاء سیاحتی مقامات تاریخ اورثقافت کو دنیا کے سامنے عیاں کرنا آسان ہے اور وی لوگرز اس سلسلے میں اپنا تعمیری کردار ادا کر تے ہوئے بلوچستان کی سیاحتی اور ثقافتی اہمیت کو دنیا بھر میں اجاگر کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر وی لوگرز کے وفد نے وزیراعلی کو بتایا کہ وہ سوشل میڈیاکو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کی سیاحت، ثقافت اور روایات کو بطریق احسن فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ صوبے کا مثبت تاثر قومی وعالمی سطح پر اجاگر ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں