شہباز شریف نے ملک کے 24 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا،گارڈ آف آنر پیش

0

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تقریب میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔

اس کے علاوہ آصف زرداری، نوازشریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی  بھی تقریب میں شریک تھے جب کہ مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریب حلف برداری کا حصہ تھے۔

صدر مملکت عارف علوی نے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آفس کے عملے کا تعارف کرایا گیا، اس دوران وزیراعظم نے عملے سے مصافحہ کیا۔

علاوہ ازیں شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کے منصب سے سبکدوش ہونے والے انوارالحق کاکڑ کی ملاقات بھی ہوگی۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کرکے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.