کوئٹہ 4 اگست: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ٹھنڈا زیارت اپنے قدرتی حُسن، قائداعظم ریذیڈنسی، قدیم صنوبر جنگلات، قدرتی آبشاروں اور تاریخی مقامات کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے کشش کا باعث بن سکتا ہے.
انہوں نے کہا کہ زیارت میں ٹوررزم انڈسٹری کے فروغ کیلئے سیاحتی مقامات کو پرکشش بنانے اور سیاحوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے. گورنر بلوچستان نے زیارت میں فوری طور پر آفیسر کلب قائم کرنے، تمام اسٹریٹ لائٹس کو بحال کرنے اور سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی. اس موقع پر ڈپٹی کمیشنر، ڈسٹرکٹ چیرمین اور میونسپل چیرمین سمیت مقامی سیاسی رہنماء اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے.
اس موقع پر گورنر بلوچستان کو امن و امان کی زیارت اور اس سے متصل علاقوں میں تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جس پر گورنر بلوچستان نے واضح کر دیا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ اور بالخصوص سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی. دریں اثناء گورنر بلوچستان نے زیارت پبلک لائبریری کا دورہ کر کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا. انہوں نے دانش سکول کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کر کے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر زور دیا. گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ذرائع ابلاغ وابستہ تمام افراد پر زور دیا کہ وہ اپنی قوم اپنے صوبے کی تہذیبی تشخص اور انسان دوستی پر مبنی اصل امیج کو اجاگر کریں.