خاران: آئی ہسپتال کے معاہدے میں توسیع
علاقے کے عوامی وسماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔
خاران(نصیب ریکی ڈسٹرکٹ رپورٹر ) حکومت بلوچستان نےاسی سال بند ہونے والے آئی ہسپتال کو مذید دس سال جاری رکھنے کی منظوری دیکر باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا، عوامی وسماجی حلقوں کا خیر مقدم ۔تفصیلات کے مطابق الاابراھیم آئی ہسپتال خاران جو ایک پرائیویٹ ادارہ ہے حکومت بلوچستان سے معاہدے کے تحت پچھلے کئی سالوں سے خاران میں آئی سروسز فراہم کر رہا ہے لیکن اسی سال جنوری کو اپنے معاہدے کی مدت پوری ہونے پر ہسپتال کو بند کرکے ملازمین کو فارغ کیا تھا جس سے ملازمین میں پریشانی پائی جارہی تھی واضح رہے کہ آنکھوں کا یہ ہسپتال خاران اور رخشان ڈویژن کا واحد آئی اسپتال ہے جہاں پورے بلوچستان حتی کہ ایران اور افغانستان سے بھی مریض آنکھوں کے آپریشن اور علاج کےلئے آتے ہیں جہاں ماہر سرجن ڈاکٹر اعجاز نظامانی اپنے ماہر اسٹاف کےذریعے سے مکمل محنت اور کامیابی کے ساتھ مریضوں کے آنکھوں کا آپریشن اور علاج بہت ہی کم خرچہ پر کرتے رہے ہیں ہسپتال بند ہونے سے خاران، رخشان ڈویژن سمت دیگر علاقوں کے آنکھوں کے مریضوں کو کافی مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ کوئٹہ اور کراچی میں ہسپتالوں میں زیادہ اخراجات خصوصا ٹرانسپورٹ اور رہائش کا بھاری بھرکم خرچہ کرنا پڑتا تھا ۔لوگوں کے مشکلات کو مدنظر رکھ کر خاران سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلی شخصیات اور سیاسی سماجی رہنماؤں کی محنت اور کوششوں سے حکومت بلوچستان نے الاابراہھم آئی ہسپتال خاران کو مذید دس سال جاری رکھنے کی منظوری دیکر باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے ۔ علاقے کے عوامی وسماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔