نیویارک دنیاکی امیرترین شخصیات میں سے ایک جیف بیزوس کی ملکیتی کمپنی بلیواوریجن نے چھ افراد پر مشتمل ایک مشن کوخلا میں بھیجا ہے۔ان میں مصرکی خاتون اور پرتگال کی معروف کاروباری شخصیت شامل ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق مشن این22 نے امریکی ریاست ٹیکساس کے مغربی صحرا میں بلیواوریجن کے اڈے سے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 58 منٹ کے قریب نیو شیپرڈ ذیلی مدار راکٹ دھماکے کے ساتھ اڑان بھری ہے۔
خود مختار اوردوبارہ قابل استعمال خلائی گاڑی نے اپنے عملہ کے کیپسول کو کرمان لائن کے اوپربھیجا ہے۔ یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ خلائی سرحد ہے اوریہ سطح سمندر سے 62 میل اوپر ہے۔عملہ کے ایک رکن کولائیواسٹریم پر یہ کہتے ہوئے سناجا سکتا تھا: میں تیررہا ہوں!۔
پھر کیپسول اپنے بلند ترین مقام پر پہنچ گیا اور مسافروں نے چند منٹ تک بے وزنی کا تجربہ کیا۔راکٹ اور کیپسول دونوں الگ الگ بیس پر واپس آئے،کیپسول کے سوار بہت بڑے پیراشوٹ کا استعمال کرتے ہوئے زمین پراترے اور انھوں نے اڑان بھرنے کے قریبا 11 منٹ بعد مشن مکمل کرلیا۔
اس کے عملہ میں مصری انجینئرسارہ صبری اور پرتگالی کاروباری شخصیت ماریو فیریرا شامل تھے۔ وہ زمین سے خلامیں جانے والے دونوں ممالک کے اولین افراد ہیں۔