ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا
کوئٹہ، 5اگست 2024 –وزیر اعلیٰ کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام تھا جس نے کشمیری عوام کے حقوق اور خودمختاری کو مجروح کیا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم اور مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہوں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں اور حوصلہ مند مزاحمت ہماری تحریک آزادی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز اٹھانا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو مجبور کرے کہ وہ کشمیری عوام کی خود ارادیت کے حق کا احترام کرے۔ ڈاکٹر بلیدی نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی اور ہمیں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کی ضرورت ہے۔ انشاء اللہ، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔