اسلامی تعاون تنظیم کے ادارہ برائے سائنس وثقافت آئسیسکو نے دو روز قبل یہودی شرپسندوں کے مسجد اقصی سے متصل قب الصخر پر دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی جارحیت اور ناقابل برداشت اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش کے شہر رباط میں قائم آئیسیسکو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصی اور قب الصخر کے صحن میں یہودی شرپسندوں کا داخلہ مذہبی اشتعال انگیزی اور مجرمانہ اقدام ہے۔
بیان میں یہودی پولیس اور فوج کی سیکیورٹی میں صہیونیوں کو قب الصخر شریف میں پہنچانے کو مذہبی اشتعال انگیزی اور جارحیت قرار دیا ہے۔خیال رہے کہ اتوار کے روزسیکڑوں یہودی شرپسندوں نے مسجد اقصی سے متصل قب الصخر پر اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں پر دھاوا بولا اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
فلسطینی محکمہ اوقاف نے یہودی آباد کاروں کی جانب سے اس بے حرمتی کو غیر مسبوق جارحیت قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مسجد اقصی اور اس سے ملحقہ مقدسات کی بے حرمتی کے واقعات میں ایک ایسے وقت میں اضافہ ہوا ہے جب دوسری طرف امریکا بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کی تیاری کررہا ہے۔
فلسطینی محکہ اوقاف نے خبردار کیا کہ اگر القدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دیا گیا تو پورے خطے میں ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوگا۔ بیان میں یہودی آباد کاروں کے دھاووں اور ناپاک امریکی عزائم پر عالم اسلام اور عرب دنیا کی مجرمانہ خاموشی کی بھی شدید مذمت کی گئی۔