بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈمینجمنٹ سائنسزنے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کا معیار برقرار رکھتے ہوئے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
بیوٹمزنے بیرونِ ملک جامعات میں داخلے اورویزے کے لئے مطلوبہ اہم ٹیسٹ’’ٹیسٹ آف انگلش ایزفارن لینگویج ‘‘کے لئے تصدیق شدہ ادارہ ہونے کے لئے کوالیفائی کر لیاجس کے تحت بیوٹمز بلوچستان کا پہلا مستند ادارہ ہو گیا ہے جو دنیا بھر میں انتہائی اہم ٹیسٹ(ٹوفل)لینے کا اہل قرار پایا ہے۔
واضح رہے کہ ٹوفل ٹیسٹ دنیا بھر کی جامعات میں داخلے ،بیرونِ ملک ویزہ اور ملازمت کے لئے بنیادی شرط ہے جبکہ یہ ٹیسٹ آن لائن لیا جاتا ہے جس کے لئے عالمی معیار کی کمپیوٹر لیبز،جدید آلات اوربہترین تکنیکی صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے ۔
بیوٹمز کے ڈائریکٹریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران کی 6ماہ کی مستقبل محنت سے بیوٹمزنے یہ صلاحیت حاصل کرتے ہوئے عالمی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کمپیوٹر لیبز بنا کر یہ اعزاز حاصل کر لیا کہ بلوچستان میں ’’ٹیسٹ آف انگلش ایزفارن لینگویج ‘‘ٹوفل کا ٹیسٹ بیوٹمز کے زیر انتظام ہوگا۔
وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے اس اہم سنگِ میل حاصل کرنے پر ڈائریکٹر آئی ٹی بیوٹمز اور ڈائریکٹریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دیگر افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی محنت اور کارکردگی کو سراہا ان کا کہنا تھا جدید ٹیکنالوجی سے لیس تعلیمی سرگرمیوں سے ہی طلبا ء کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے۔
انفار میشن ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے وقت کا ضیاع ، تعلیمی اخراجات میں کمی اور کم وسائل کے استعمال سے زیادہ بہتر اور مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بلو چستان کے طلباء ،اساتذہ اور دیگر افراد بھاری اخراجات برداشت کر کے بڑے شہروں میںیہ ٹیسٹ دینے جاتے تھے ،سفری و دیگراخراجات کے باعث بہت سے قابل افراد اس ٹیسٹ میں شمولیت اختیار نہیں کر سکتے تھے ۔
بیوٹمز کا یہ اعزاز اب صوبہ بھر کے نوجوانوں اور تعلیم یافتہ افراد کیلئے بھی خوشخبری ہے کہ اب اپنے گھر اور شہرمیں بیوٹمز کے زیر انتظام یہ ٹیسٹ ہو گا ۔
جس سے اب اضافی اخراجات کابوجھ طلباء کو نہیں اٹھانا پڑے گا۔جبکہ بلوچستان کے معیار تعلیم اور نوجوانوں کو بہتر ین تعلیمی مواقع حاصل کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔