اسلام آباد امام بارگاہ خودکش دھماکہ: بلوچستان حکومت اور وزراء کی شدید مذمت، شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی
کوئٹہ، 06 فروری 2026 |
اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ کے اندر نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور وزیراعلیٰ کے معاون شاہد رند سمیت صوبائی قیادت نے شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عبادت گاہ میں معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔
وزیراعلیٰ کے معاون شاہد رند نے واقعے کو قومی سلامتی اور سماجی ہم آہنگی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فتنۂ خوارج جیسے عناصر پاکستان کے امن، رواداری اور مذہبی اقدار کے دشمن ہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہا۔
صوبائی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اور ریاستی ادارے متحد اور پرعزم ہیں، اور دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔