ریکودک مائننگ کمپنی کی جانب سے اسکول اسٹوڈنٹس کے لیے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز

ویب ڈیسک

نوکنڈی، ضلع چاغی، 03 مارچ 2025: ریکودک مائننگ کمپنی نے ضلع چاغی کے مستحق اور ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ اقدام کمپنی کی سماجی ذمہ داریوں کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد مقامی کمیونیٹیز کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ اسکالرشپ پروگرام ضلع چاغی کے سات پرائمری اسکولوں کے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت مالی مشکلات کا شکار ہونہار طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کی جائے گی۔

سخت اور شفاف انتخابی عمل کے بعد 14 طالب علموں کو اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جن کا تعلق ریکودک کے قریبی علاقوں ہمئے، مشکی چاہ، نوک چاہ، دوربن چاہ اور تنگ کچھاؤ سے ہے۔

منتخب طلبہ کے لیے بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے پیش نظر کوئٹہ اور دیگر قریبی شہروں کے اسکولوں کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد اقرا ریزیڈینشل اسکول اور معصوم ایجوکیشنل کمپلیکس کو منتخب کیا گیا، جو اپنے معیاری تعلیمی نظام، تجربہ کار اساتذہ اور جدید سہولیات کی بنا پر مثالی تعلیمی ماحول فراہم کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں
1 of 8,946

ریکودک مائننگ کمپنی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ، عیسیٰ طاہر کے مطابق، گزشتہ کئی دہائیوں سے ان علاقوں میں متعدد اسکول بند رہے، جس کی وجہ سے بچے معیاری تعلیم سے محروم تھے۔

تاہم، گزشتہ دو سالوں میں ریکودک مائننگ کمپنی نے ان سات اسکولوں کو بحال کیا اور تعلیمی مواقع پیدا کیے۔

یہ اسکالرشپ پروگرام طلبہ کے تعلیمی تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

کمپنی کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں مستقبل میں اس پروگرام کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ضلع چاغی کے مزید مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

یہ اقدام تعلیمی ترقی کے لیے کمپنی کے عزم کا مظہر ہے، جو مقامی کمیونیٹیز کو بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.