وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں نواز شریف شامل نہیں:عطا تارڑ

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطار تارڑ نے کہا ہےکہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم کے وفد میں ان کے اہل خانہ شامل ہیں تاہم نواز شریف شامل نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ہماری حکومت آنے سے کاروباری افراد میں اعتماد بحال ہوا، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، عالمی میڈیا پر پاکستانی معیشت کے بارے میں مثبت خبریں آرہی ہیں لیکن کچھ عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوم برگ نے پاکستان میں مہنگائی اور افراط زر میں کمی سے متعلق پیشگوئی کی، مقامی سرمایہ کاری میں بھی مثبت پیشرفت دیکھنے میں آرہی ہے۔

عطار تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف بشام واقعے کے بعد چینی انجینئرزکا حوصلہ بڑھانے کیلئے خود داسو گئے، چینیوں کی سکیورٹی کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، وزیراعظم چینی منصوبوں اور چینی انجینئرز کی سکیورٹی کی خود نگرانی کررہے ہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں کسی کو امن تباہ نہیں کرنے دیں گے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کمرشل فلائٹ پر سعودی عرب جائیں گے اور اخراجات اپنی جیب سےادا کریں گے، دورہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں تاہم وزیراعظم کے وفد میں ان کے اہل خانہ شامل ہیں، نواز شریف شامل نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دفترخارجہ نے بھارتی وزیردفاع کےبیان کی تردیدکی ہے،  ملک دشمن قوتیں سی پیک کو ناکام بنانے کی سر توڑ کوششیں کررہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بڑی آسائشیں میسر ہیں جب کہ بشریٰ صاحبہ کو زہر دینے سےمتعلق تمام خبریں رد ہو چکی ہیں، بشریٰ بی بی کے ڈاکٹر خود کہہ چکے ہیں کہ ان کی طبیعت بہتر ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.