پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے ہرنائی کے علاقے میں بے گناہ مزدوروں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے لہذا اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طورپر اقتدارچھوڑ دے ۔
کوئٹہ ویب رپورٹر
یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما نوابزادہ امین جوگیزئی ،عنایت کاکڑ،شیخ محمداشرف ،اختر جان کاکڑنے بدھ کو ہرنائی میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر مزدوروں کے قاتلوں کی گرفتاری کے مطالبات درج تھے۔انہوں نے کہا کہ ہرنائی کے علاقے میں ریلوے لائن کی بحالی کے منصوبے پر کام کرنے والے بے گناہ پشتون مزدوروں کو قتل کیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اس سے قبل تربت ،پنجگور ، گوادر اور دیگرعلاقوں میں بھی درجنوں بے گناہ مزدوروں کو قتل کیا گیا لیکن صوبائی حکومت ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میں شامل پشتون اور بلوچ قوم پرست عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث ہیں ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری طورپر گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور قتل ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ کو معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر تحریک انصاف سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔