دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایک دلخراش سڑک حادثے میں 4 بچے اور خاندان کی ملازمہ جاں بحق ہو گئی۔
حادثہ ابوظبی دبئی ہائی وے کے قریب الشہامہ میں پیش آیا، جب بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک مسلم خاندان کی گاڑی لیوا فیسٹیول سے دبئی واپس آ رہی تھی۔
حادثے میں والدین اور ایک بچہ محفوظ رہے اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جبکہ چار بیٹوں کا حادثے میں انتقال ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 4 بھائی شامل ہیں جن کی عمر 5 سے 14 سال کے درمیان ہے اور خاندان کی 48 سالہ ملازمہ بھی جاں بحق ہوئی۔ بچے دبئی کے اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
بچوں کو متحدہ عرب امارات میں دفن کردیا گیا ہے جبکہ ملازمہ کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر کیرالہ بھیج دیا جائے گا۔
حکام نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ہر پہلو کی جانچ کی جا رہی ہے۔