ویب ڈیسک
محکمہ واسا کوئٹہ نے بلوچستان واٹر پالیسی کی منظوری کے بعد ڈسٹرکٹ کوئٹہ میں ڈسٹرکٹ واٹر بورڈ کمپنی اور بلوچستان واٹر بورڈ کی اجازت (این او سی) کے بغیر کسی بھی قسم کے ٹیوب ویل کی تنصیب پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ واسا کے مطابق، بغیر اجازت کے لگائی گئی ڈرلنگ مشین غیر قانونی تصور ہوگی اور اس کے خلاف موجودہ واٹر پالیسی اور قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ واسا کی ترجمان کے مطابق، شہر میں پانی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تمام ٹیوب ویل مالکان اور غیر قانونی کنکشن رکھنے والے صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کروائیں اور جن پر بقایا جات ہیں، وہ بھی جلد از جلد جمع کرائیں۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے، اور غیر قانونی ٹیوب ویلز کی تنصیب سے زیرزمین پانی کی سطح مزید کم ہو رہی ہے۔
اسی لیے بلوچستان واٹر پالیسی کے تحت غیر قانونی پانی کے کنکشنز اور غیر رجسٹرڈ ٹیوب ویلز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
محکمہ واسا نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور حکومتی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے پانی کے کنکشن کو قانونی طور پر رجسٹرڈ کروائیں، تاکہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔