ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی کوششوں سے بلوچستان کے میڈیکل طلبہ کو ڈبل بیچ ایڈمیشنز کی خصوصی اجازت مل گئی
کوئٹہ ۔ 07 اگست
وزیر اعلٰی بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی کوششوں سے بلوچستان کے میڈیکل طلبہ کو ڈبل بیچ ایڈمیشنز کی خصوصی اجازت دے دی گئی تفصیلات کے مطابق مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے حال ہی میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے حکام سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے بلوچستان کے میڈیکل طلبہ کو درپیش مسائل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پی ایم ڈی سی حکام نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنا پچھلا فیصلہ واپس لے کر زیر التواء چار طلباء کو میڈیکل کالج میں ایڈمیشن کی اجازت کیساتھ اگلے تعلیمی سال میں بلوچستان سے ڈبل بیچ داخلوں کی بھی خصوصی اجازت دے دی تاکہ بلوچستان کے طالب علم جنہیں باقی ملک کے اسٹوڈنٹس کے ایک سال بعد میڈیکل کالجز میں داخلے ملتے تھے وہ اب ملک کے دیگر طلباء و طالبات کے ساتھ ہی بغیر سال ضائع کئے میڈکل کالجز میں داخلے لے سکیں گے ۔
یہ اقدامات نہ صرف میڈیکل طلبہ کے مستقبل کیلئے معاون ثابت ہوں گے بلکہ صوبے میں میڈیکل تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ہوں گے۔
بلوچستان کے میڈیکل طلبہ اور ان کے والدین نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی کاوشوں پر اظہار تشکر کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کی کوششوں سے صوبے میں مزید بہتری آئے گی۔