کوئٹہ : ویب رپورٹر
یواین ایچ سی آر کے اشتراک سے آئی ڈی او بلوچستان بھر میں مقیم افغان خاندانوں بالخصوص خواتین کو ہنر مند بنانے کے سلسلے میں بہترین اقدامات کررہا ہے۔
پروجیکٹ ہذا کے سلسلے میں سٹی ہال شہباز ٹاﺅن میں دو روزہ نمائش کے موقع پر مدعو مہمان خصوصی رکن بلوچستان اسمبلی محترمہ معصومہ حیات نے دوران خطاب آئی ڈی او کی بلوچستان بھر میں مثبت سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور سے مطابقت رکھنے والے ہنر مند افغان مہاجرین مرد و خواتین کے لئے باعزت روزگار کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
مہمان خصوصی نے اس پروگرام کو بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ یاد رہے کہ آئی ڈی او پروجیکٹ ہذا کے ذریعے افغان مرد و خواتین کو ٹیلرنگ، یوپی ایس ریپئرنگ، وڈ ورک، موٹر بائیک ریپئرنگ، موبائل ریپئرنگ کے علاوہ روایتی دستکاری کے پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کروارہا ہے۔
تقریب سے یو این ایچ سی آر کوئٹہ آفس کے ہیڈ(مرین Marine) نے بھی خطاب کیا۔
انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ خوشحال معاشرے کیلئے جدید ہنر سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اچھا ہنر باعزت روزگار کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
پروجیکٹ منیجر شوکت کاکڑ نے پروجیکٹ کی تعارف پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب کے آخر میں آئی ڈی او کے پروگرام ڈائریکٹر صابر احمد خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی نے فیتہ کاٹ کر دو روزہ نمائش کا افتتاح کیا۔