بولان،ڈھاڈرسے عارف بنگلزئی
پاکستان تحریک انصاف ڈھاڈر کے زیر اہتمام امریکی صدر کے خلاف احتجاجی ریلی چئیرمین میونسپل کمیٹی ڈھاڈر سید محمد علی شاہ کی قیادت میں نکالی گئی۔
ریلی میں وڈیرہ علی احمد رند کے علاوہ پارٹی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد شامل تھے ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر امریکی صدر کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء شاہی چوک سے ہوتے ہوئے رندعلی بازار پہنچے اس موقع پر ریلی مظاہرین نے امریکہ مخالفت اور پاک افواج کی حمایت میں شدید نعرہ بازی کی ریلی کے شرکاء سے میر حاجی خان جتوئی،عبدالحئی گولہ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی آمیز لہجے سے مکاری کی بو آرہی ہے صدر ٹرمپ نے پاکستان کی قربانیوں کو فراموش کرتے ہوئے الزام تراشی کررہے ہیں شاید وہ بھول گئے ہیں کہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف صف اول کا کردار ادا کرتے بے شمار قربانیاں دی ہیں اب امریکہ پاک افواج اور عوام کی قربانیوں کو بھلا کر گیڈر بھبھکیوں پر اتر آیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ امریکی صدر اور انکی حواریوں کی خام خیالی ہے کہ وہ مملکت پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کرینگے پاکستانی عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور وطن عزیز پر میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نوچ ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ابتک جو قربانیاں دی ہیں عالمی دنیا اسکا برملا اعتراف کرتی ہے امریکی مہم میں شامل ہونے کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی نے جنم لیا دہشت گردوں کے خلاف پاک افواج کی کاروائیوں کا اعتراف کرنے کی بجائے امریکی دھمکی آمیز پالیسی پر اتر آیا ہے جس سے پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑیگا بلکہ امریکہ پاکستان اتحاد میں دراڑیں پڑیں گے جو امریکہ کیلئے باعث عبرت بنیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی محب وطن ہیں اور اپنے ملک سے بے پناہ محبت کرتے ہیں پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم کو پاکستانی بہادر سپوت افواج پاکستان کے ساتھ ملکرخاک میں ملا دینگے بعد ازاں مظاہرین نے امریکی صدر کی تصویراور پرچم کو نظر آتش کیا اور پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔