اسپورٹس ڈیسک
کرکٹ کا میلہ عرب امارات سے پاکستان منتقل ہوگیا ۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا میلہ کراچی میں سج گیا آخری مرحلے کے 8 میچز کا آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا اور اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں
نیشنل اسٹیڈم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا جبکہ شائقین کے لیے اسٹیڈیم کے دروازے 4 بجے کھول دئیے گئے ۔
پی ایس ایل کے میچز کے پیش نظر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس، رینجرز کے جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
پولیس نے شائقین کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری ہیں کہ اسٹیڈیم آنے والے ہر شہری کے لیے ٹکٹ اور اصل قومی شناختی کارڈ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کسی بھی قسم کے کھانے یا پینے کی اشیا، ممنوعہ آلات لانے پر پابندی ہے۔
شائقین کے لیے مختلف مقامات پر پارکنگ کے مقامات بنائے گئے ہیں، جہاں گاڑیاں پارک کرکے انہیں شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم لایا جائے گا۔
یہ میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اگر اسلام آباد یونائٹیڈ آج کے میچ میں شکست سے دوچار ہوجاتی ہے تو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہوجائیں گے۔