ڈیجی میپ کا صحافیوں کے نام نیکٹا کی شیڈول میں شامل کرنے کی مذمت

اسلام آباد: ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف پاکستان (ڈیجی میپ) نے سینئر صحافیوں فاروق محسود، اشتیاق محسود اور محمد اسلم کے ناموں کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی شیڈول فور میں شامل کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں
1 of 8,946

ڈیجی میپ نے ضلع بٹگرام کی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سینئر صحافی احسان نسیم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور انہیں 3 ایم پی او کے تحت کارروائی کا نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی۔ احسان نسیم، جو پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا میں کام کرتے ہیں، کو دو دن قبل منظور پشتین کا انٹرویو کرنے پر گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

ڈیجی میپ نے احسان نسیم کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکام سے صحافیوں کی آزادی اور ان کے حقوق کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔

ڈیجی میپ کے صدر سبوخ سید نے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں اس اقدام کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں صحافت اور آزادی اظہار کے لئے ایک تاریک دور کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات قانون و انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور کسی بھی مہذب معاشرے کو غیر مستحکم کرنے کے اوزار بن سکتے ہیں۔

سبوخ سید نے مزید کہا کہ صحافیوں کا قتل اور اخبارات کی بندش آزادی اظہار کو دبانے کی کوششیں ہیں، جو نہ صرف صحافیوں کی مالی بقا کو خطرے میں ڈالتی ہیں بلکہ ان کی آواز کو بھی خاموش کرتی ہیں۔

ڈیجی میپ کے سیکرٹری جنرل عدنان عامر نے صحافیوں کے نام شیڈول فور میں شامل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صحافی کو سچ کی رپورٹنگ کرنے پر سزا نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے جنوبی وزیرستان اپر کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے صحافیوں کے نام شیڈول فور سے نکالنے کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم آزادی صحافت کے تحفظ کے لئے ضروری ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کے ناموں کو پاکستان کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 11EE کے تحت شیڈول فور میں شامل کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ کالعدم تنظیم کی مدد کر رہے ہیں۔

ڈیجی میپ کی کمیونیکیشن سیکرٹری شازیہ محبوب نے صحافیوں کے ناموں کو شیڈول سے نکالنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافیوں کے ناموں کو فہرست میں شامل کرنے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.