ویب ڈیسک
مقبوضہ بیت المقدس
پہلے مرحلے میں بسائے گئے آباد کاروں کو زراعت کے شعبے میں مزید مالی تعاون فراہم کریں گے،وزیر ہاﺅسنگ
اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ غرب اردن کے شمال میں واقع وادی اردن میں یہودی آباد کاروں کی تعداد دوگنا کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق وادی اردن میں یہودیوں کی تعداد دوگنا کرنے کی تجویز ہاسنگ اور پلاننگ کے وزیر یوآف گالانٹ نے پیش کی تھی۔ اسرائیلی کابینہ کی اکثریت اس تجویز کی حامی ہے۔
اسرائیلی ہاﺅسنگ کے وزیر مسٹر گالانٹ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ہم وادی اردن میں بسائے گئے آباد کاروں کو زراعت کے شعبے میں مزید مالی تعاون فراہم کریں گے۔ اس کے بعد ہر نئے منتقل ہونے والے خاندان کو مالی تعاون کےساتھ دیگر ضروریات پوری کرنے میں اس کی مدد کی جائے گی۔
اس کے علاوہ وادی اردن میں نئی کالونیوں کے قیام کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے اور نئی بستیاں بسانے کا پروگرام تیار کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہودی آبادکاروں کو وادی اردن میں رہائش اختیار کرنے کی ترغیب دلانے کے لیے حکومت پرکشش پیکج جاری کرے گی۔
وزارت ہاسنگ اور دوسری وزارتیں مل کر وادی اردن میں یہودیوں کی تعداد بڑھانے کے منصوبے کو آگے بڑھائیں گی۔خیال رہے کہ قابض صہیونی ریاست آئے روز فلسطین میں یہودی آباد کاری کے منصوبوں کا اعلان کرتی ہے۔ گذشتہ بدھ کو اسرائیلی حکومت نے بیت المقدس میں مزید 240نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔