زیارت 10 اگست: صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دومڑ گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر اچانک زیارت پہنچے،اس دوران انہوں نے پی ایچ ای ڈیم اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر زیارت عبدالرازق، ایکسیئن بی اینڈ آر زیارت محمد عظیم انور، ایکسیئن ایریگیشن زیارت سیف الرحمن اور چیف انجینئر ایریگیشن زیارت بشیر احمد بھی موجود تھے
جبکہ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ کو چیف انجینئر ایریگیشن زیارت بشیر احمد نے پی ایچ ای ڈیم زیارت کے معائنے پر مکمل تفصیلی بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ ڈیم کی خستہ حالی کو درست کرنے اور پانی کے اسٹوریج کو بڑھانے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے جبکہ ایکسیئن بی اینڈ آر زیارت محمد عظیم انور نے بھی زیارت میں جاری ترقیاتی کاموں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر تفصیل سے آگاہ کیا اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان کا بھرپور ازالہ کیا جائے گا
اور زیارت کے عوام کو ہونے والے نقصانات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں لہذا حکومت بلوچستان اس مشکل کی گھڑی میں آپکے ساتھ ہے اور جلد سے جلد زیارت کے عوام کی پوری طرح سے مدد کریں گے انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران انتظامیہ اور دیگر محکموں کے آفیسران نے جو بروقت کارروائی کرکے عوام کی جو مدد کی ہے وہ قابل تحسین ہیں صوبائی وزیر خوراک نے عوام کی سیلاب سے متاثرہ شکایتوں کو بھی غور وفکر سے سنا جبکہ انہوں نے ہر قسم کی مدد کے ساتھ انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی،
دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر خوراک نے سیلاب سے جان بحق ہونے والے دو نوجوانوں کے گھر جاکر انکے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی کہ اللہ پاک انکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور انکے والدین کو صبر و تحمل دیں انہوں نے ان کے اہل خانہ کو کہا کہ اس مشکل گھڑی میں صوبائی حکومت اور انتظامیہ ہر قسم کے تعاون اور ہر قسم کی مدد کیلئے آپکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہنگے۔