کشمیر ہمیشہ سے الگ ریاست ، بھارت سے کوئی تعلق نہیں ،بھارت نے طاقت سے قتل و غارتگری کا کھیل کھیلا،سید علی گیلانی این آئی اے کا کھیل مزاحمتی قیادت کو دباؤ میں لانے کا حربہ ،مرعوب نہیں ہونگے ،یاسین ملک کا یوم اقبال سیمینار سے خطاب
ویب ڈیسک
کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے زیر اہتمام’’ علامہ اقبال، داعی حق، محب انسانیت ‘‘ کے عنوان سے سمینار میں سید علی گیلانی نے کہا جموں کشمیر ایک الگ ریاست تھی۔
اس کا بھارت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔ 85فیصد آبادی مسلمانوں کی تھی، اس کی سرحدیں پاکستان کے ساتھ ملتی تھیں، 575ریاستیں تقسیم ہند سے قبل موجود تھیں۔
تقسیم ہند کی گائڈ لائنز کے مطابق جموں کشمیر بھارت کا کسی بھی صورت میں کوئی حصہ نہیں بنتا تھا، مگر طاقت کے بے تحاشا استعمال سے نومبر 1947ہی میں 5لاکھ لوگوں کا خون بہایا گیا اور جموں کشمیر پر بھارت نے غارت گری کا کھیل کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کے قتل وغارت گری پر معمور فورسز کو کھلے عام شاباشی دی جارہی ہے اور یہاں کے جوانوں کی اسلام اور آزادی سے وابستگی کو گمراہی کا نام دیا جارہا ہے۔
گیلانی نے این آئی اے کے حوالے سے کہا کہ ہمارے جوانوں کو خوف ودہشت کا شکار بنایا جارہا ہے اور انہیں مختلف جیلوں میں ڈال کر خوف زدہ کیا جارہا ہے۔موجودہ تحریک کے حوالے سے محمد یاسین ملک نے کہا کہ قربانیوں کے حوالے سے ہر گھر ایک تاریخ ہے،
یہاں کے عوام نے تحریک آزادی کے لیے بے مثال قربانی پیش کی ہیں، مگر بھارت ظلم وجبر اور طاقت کے سہارے کشمیریوں کو سرنڈر کروانا چاہتی ہے، کبھی پیلٹ کے قہر سے، تو کبھی جوانوں اور بزرگوں کو قتل کر کے یا جیلوں میں بند کرکے۔
سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاوق، سید صلاح الدین اور میں نے جب بھارت کے ظلم وجبر کے سامنے سرنڈر نہیں کیا تو بچوں، رشتہ داروں اور دوسرے ساتھیوں کو NIAکے ذریعے بلانے اور جیلوں میں بند رکھنے کے حربے آزمائے گئے۔
انہوں نے کہا ہم نے بھی فیصلہ کرلیا ہے کہ کوئی بھی قربانی دینا پڑے ہم دریغ نہیں کریں گے، مگر بھارتی جبر کے آگے نہیں جھکیں گے۔