ترقیاتی اہداف : بلوچستان حکومت وسائل فراہم کررہی ہے 

حکومت بلوچستان اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے وسائل مہیا کررہی ہے ، یورپی یونین ودیگر عالمی مالی وتکنیکی اداروں کا کردار بلوچستان کی مجموعی ترقیاتی پروگرامز میں قابل ستائش اور قابل تقلید ہے:سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات اسفندیار کاکڑ

کوئٹہ : ویب رپورٹر 

یہ بات انہوں نے یورپی یونین کے پورٹ فولیو ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں یورپی یونین کے سفیر برنارڈ فزانکوئس، سیکریٹری محنت وافرادی قوت ، ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ داخلہ وقبائلی امور طیب لہڑی، چیف آف سیکشن فارن ایڈ مجیب الرحمن، یورپی یونین کے آپریشن ہیڈ ارشد راشد، چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام نادر گل بڑیچ ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں یورپی یونین وحکومت بلوچستان کے اشتراک سے جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں یورپی یونین اور دیگر مالیاتی اداروں کے تعاون سے ایجوکیشن سپورٹ پروگرام، گورننس کی مجموعی صورتحال کی بہتری کا منصوبہ ،پبلک فنانس منیجمنٹ کا منصوبہ، رورل ڈویلپمنٹ وکمیونٹی ایمپاورمنٹ پروگرام، تکنیکی وفنی تعلیم کے منصوبے چل رہے ہیں یا ان میں مزید مالی وتکنیکی معاونت یورپی یونین ودیگر مالیاتی ادارے فراہم کریں گے۔

تقریب سے یورپی یونین کے سفیر نے صوبے میں یورپی یونین کی مالی معاونت سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان حکومت کے اشتراک سے جاری منصوبہ برائے ایجوکیشن سپورٹ کے لئے اضافی 22ملین یورو کی رقم یورپی یونین فراہم کرے گا تاکہ بلوچستان میں تعلیمی شعبے میں بہتری لائی جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے آٹھ اضلاع میں ایک نیا پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس میں خضدار ، جھل مگسی، واشک، کیچ، ژوب، پشین، لورالائی اور قلعہ عبداللہ شامل ہوں گے۔

مذکورہ پروجیکٹ سے متعلقہ اضلاع کے تین لاکھ چون ہزار تین سو چوبیس گھرانے اور سترہ لاکھ دوہزار ایک سو پچاس نفوس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔

اس پروگرام میں تعلیم، صحت، ای پی آئی، لوگوں میں روزگار کی فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل ہوں گے اور اس پروگرام کا نام بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ فار کمیونٹی امپاورمنٹ ہوگا اور اس کو بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام، این آر ایس پی ودیگر ادارے کمیونٹی کی سطح پر چلائیں گے۔

اس موقع پر سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات اسفندیار کاکڑ نے حکومت بلوچستان کی جانب سے یورپی یونین کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کہ حکومت بلوچستان ومحکمہ منصوبہ بندی وترقیات اس حوالے سے ہر ممکن تعاون وتکنیکی استعداد کار مہیا کرے گا جبکہ حکومت بلوچستان کمیونٹی کی سطح پر لوگوں کے معیار زندگی بلند کرنے کے لئے متعدد منصوبے شروع کررکھے ہیں جن میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، زراعت ولائیو اسٹاک کی ترقی، انسانی وسائل کی مجموعی بہتری کے دیگر منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.