وفاقی حکومت نے مساجد کے ائمہ کرام اور خطیبوں کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کی مساجد کے امام اور خطیب کو دس دس ہزار روپے اعزازیہ دینے کی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی تجویز کی حتمی منظوری دے دی ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور کو اعزازیہ دینے سے متعلق تجویز پر حتمی کام کرنے کی ہدایت کردی ۔ خیبر پختونخوا کے بعد اب اسلام آباد کے آئمہ کرام اور خطیبوں کو اعزازیہ ملے گا۔
وزارت مذہی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت جلد اعزازیہ سے متعلق سروے کرے گی، اعزازیہ کےلئے اہلیت مالیاتی تخمینہ سمیت دیگر امور پر حتمی تجاویز طلب کرلی گئیں ہیں ۔ کے پی ، اسلام آباد کے بعد پنجاب اور بلوچستان کے آئمہ کرام خطیبوں کو اعزازیہ دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ واضح رہے اس اس سے قبل خیبر پختون خوا کے وزیر اعلی کی جانب سے بھی صوبے بھر کی مساجد کے ائمہ اور خطیبوں کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔