کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت رمضان المبارک میں سستے بازاروں کے انعقاد اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز اور سستے بازاروں میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد ہاشم غلزئی، سیکرٹری خوراک محمد ایاز مندوخیل، سیکرٹری زراعت امید علی کھوکھر، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن جبکہ ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو اشیاء ضروریہ کی فراہمی کیلیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اسٹورز میں کسی قسم کی سامان کی کمی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ضروری اشیاء خصوصی رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کا سامان اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈائزنرخوں پر اشیائے خوردنوش کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع میں سستے بازارو قائم کئے گئے ہیں۔
جس میں عوام کو سرکاری نرخ پر معیاری اشیاء فراہم کی جائے گی۔جس میں مختلف سٹالز لگا کر عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیاءکی فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ مصنوعی مہنگائی پر کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سستے داموں چیزوں کی فراہمی کو یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سستے بازاروں کا روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اشیاءضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمتوں پر فروخت کرنے والوں کے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ لوگوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔
چیف سیکرٹری نے تمام ڈویژنل کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام دکانداروں کو پابند کیا جائے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ اپنے دکانوں پر آویزاں کریں تاکہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاءکی فروخت کو ممکن بنایا جائے۔
چیف سیکرٹری نے اجلاس کے شرکاءکو ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں گے اور خود ساختہ افراط زر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔