کراچی وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر اہل وطن کومبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں،ہمیں مل کر اس ملک کو مضبوط کرنا ہے، آج کے دن کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔
یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر قائم مقام گورنرسندھ اور صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ بانی پاکستان کے مزار پر حاضری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کل لاہور کے پی ٹی آئی جلسے کیلئے پاکستان کا جھنڈا اتارا گیا، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، عمران نیازی اقتدار کے لیے ملک کی محبت اور ہر روایت بھول گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمیں محبت اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ جولائی کے دوران کراچی میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئیں، شہر کے سارے قدرتی نکاسی آب کے راستوں پر تجاوزات کی وجہ سے نکاسی کے مسائل ہوتے ہیں، سندھ حکومت یہ مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اب صورتحال قدرے بہتر ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے شہر کی سڑکوں کی مرمت کیلئے ایک ارب روپے رکھے ہیں اور مزید فنڈز کا انتظام کر رہے ہیں۔