سری لنکن کرکٹرز پاکستان آنے سے انکاری

0

 ویب ڈیسک

پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ون ڈے سیریز کھیلنے والی سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کی اکثریت پاکستان جانے کے لیے تیار نہیں ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل طے شدہ پروگرام کے مطابق لاہور میں کھیلا جانا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم اس وقت ون ڈے سیریز کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہے اور یہیں سے اسے پاکستان کا سفر کرنا ہے لیکن ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے کرکٹ بورڈ کو پاکستان کے دورے کے سلسلے میں اپنے تحفظات ظاہر کردیے ہیں ۔

سری لنکن کرکٹرز نے اگرچہ مکمل طور پر دورے سے انکار نہیں کیا ہے لیکن انہیں سکیورٹی کے سخت خدشات لاحق ہیں جس کا اظہار انھوں نے اپنے کرکٹ بورڈ کو بھیجے گئے خط میں کیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا اجلاس پیر کے روز ہونے والا ہے جس میں اس صورتحال پر غور ہوگا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے پاکستان میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر رضامندی ظاہر کررکھی ہے لیکن بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں سکیورٹی کو اولیت دی جائے گی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سری لنکا کی موجودہ ٹیم میں صرف تشارا پریرا ایسے کھلاڑی ہیں جو پاکستان جانے کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔

تشارا پریرا گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں بھی شامل تھے جس نے لاہور میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے۔

ورلڈ الیون کے ان میچوں کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں اہم قدم قرار دیا گیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ ان میچوں کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو یقین دہانی کرا رکھی ہے کہ سری لنکن کرکٹرز کو پاکستان میں مختصر قیام کے دوران غیرمعمولی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ یہ سری لنکن ٹیم ہی تھی جس پر 2009 میں لاہور ٹیسٹ کے دوران دہشت گردوں نےحملہ کیا تھا جس میں چند سری لنکن کرکٹرز زخمی ہوئے تھے۔

موجودہ ٹیم کے پاکستان جانے کے بارے میں تحفظات اسی واقعے کا خوف اب تک ان کے دماغ میں موجود ہونے کی وجہ سے ہیں۔ موجودہ ٹیم کے دو کھلاڑی کاپوگدیرا اور سورنگا لکمل 2009 کی ٹیم میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں
1 of 7,614
 
بشکریہ بی بی سی اردو  
You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.