کوئٹہ( ) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی طرف سے پی ایف یو جے کے لئے نثار عثمانی (عزم و ہمت) ایورڈ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پی ایف یو جے اور اس سے وابسطہ صحافی آزادی صحافت کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے ۔
بی یو جے کے صدر سلمان اشرف سمیت کابینہ اور اراکین مجلس عاملہ نے اپنے مشترکہ بیان کہا ہے کہ انسانی حقوق کمیشن کا پی ایف یو جے کے لئے ایوارڈ نہ صرف پاکستان بھر کے تمام صحافیوں بلکہ آزادی اظہار رائے پریقین رکھنے والی جمہوری قوتوں کیلئے اعزاز ہے، عزم و ہمت ایوارڈ سے پورے پاکستان کو پتہ چل گیا کہ پاکستان میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والی حقیقی پی ایف یوجے کونسی ہے ۔
پی ایف یو جے نے ملک میں آزادی صحافت کے تحفظ کی جنگ لڑ کر نثار عثمانی اور منہاج برنا کی جدو جہد کی تاریخ کو زندہ رکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے نے اپنے قیام سے اب تک ملک میں ہمیشہ آزادی اظہار پر پابندی لگانے اور صحافت کا گلہ گھونٹنے والی آمرانہ قوتوں کاڈٹ کر مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔