بالی وڈ اداکار انیل کپور اور مادھری دیکشت کی کامیاب ترین فلم ‘تیزاب’ (1988) کا ایک گیت بہت مشہور ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا: ‘اس کو بلایا تو کیا کیا، اس کو بلایا تو کیا کیا، امیتابھ کو بلاؤ تو جانیں!’
اسی طرح ایک سطر تھی ‘سری دیوی کو نچاؤ تو جانیں!’
انڈیا کے شہر ادے پور میں ان دنوں دنیا کے بہت سارے مشاہیر جمع ہیں اور یہ انڈیا کے امیرترین تاجر مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی میں شرکت کے لیے یکجا ہیں۔
جب ‘تیزاب’ فلم ریلیز ہوئی تھی تو مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں، لیکن ان کے والد نے شاید اپنی بیٹی کی شادی میں چار چاند لگانے کے لیے بالی وڈ اور ہالی وڈ کے تمام تر سٹارز کو مدعو کر لیا ہے۔
ادے پور میں چند دن قبل اداکارہ پرینکا کی شادی میں بھی بہت دھوم دھام رہی تھی لیکن ایشا کی شادی میں امریکہ کی سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن کے ساتھ امریکی گلوکارہ بیونسے بھی موجود ہیں۔
مکیش امبانی نے حال ہی میں بالی وڈ اداکاروں دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی میں شرکت کی تھی جبکہ ایشا امبانی پرینکا چوپڑہ کی امریکی گلوکار نک جوناس کے ساتھ شادی میں دلھن کی سہیلی بنی تھیں۔
در اصل شادی بدھ کو ہونی ہے لیکن اس سے قبل دوسری تقریبات میں مشاہیر کا جمگھٹ لگا ہوا ہے۔ اس میں شامل ہونے والے مہمانوں کی فہرست میں ہلیری کے علاوہ میڈیا ٹائيکون ایریانا ہفنگٹن، کرکٹر سچن تنڈولکر اور سٹیل ٹائیکون لکشمی متل بھی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بالی وڈ کے اداکاروں میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، ایشوریہ رائے، پرینکا چوپڑا، سلمان خان، ابھیشیک بچن وغیرہ کو شادی سے پہلے کی تقاریب میں دیکھا گیا ہے۔