ویب رپورٹر
صوبائی وزیر جنگلات بلوچستان جناب سید رضامحمد نے کہا ہے جنگلات کی اہمیت اور افادیت سے کوئی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا کہ جنگلات،جنگلی حیات کی بقاء اور توانائی کے حصول کا اہم ذریعہ زمینوں کی زرخیزی کا ایک قیمتی وسیلہ ہیں جو بارش برسانے او ر زیر زمین پانی ذخیرہ کرنے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔
درختوں کی کمی کے پیش نظر موسم بہار 2018میں 15لاکھ پودے بلوچستان کے طول وعرض میں لگائے جائیں گے جس کیلئے محکمہ جنگلات نے ضروری انتظامات مکمل کر لیئے ہیں۔
پودے محکمہ جنگلات کے پودگھروں سے ارزاں قیمت پر فراہم کئے جائیں گے ان پود گھروں میں مشورہ دینے کیلئے عملہ بھی موجودہ ہوگا ہر فرد شجرکاری میں بھر پور حصہ لے۔
انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ پودے توشوق سے لگائے جاتے ہیں لیکن بعد ازاں انکی پرورش اور دیکھ بھال پر توجہ نہیں دی جاتی۔
جس کے سبب پودوں کی بیشتر تعداد ضائع ہوجاتی ہے اورمطلوبہ نتائج بھی حاصل نہیں ہوتے شجرکاری اور اس کی حفاظت ایک اہم فریضہ ہے جس کو اگر ساری قوم اور ادارے مل کر انجام دیں تو صوبہ بلوچستان جنگلات کے لحاظ سے پہلے سے کہیں بہتر ہوگاآبادی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ہمارے موجودہ جنگلات شدید دباؤکا شکار ہیں۔
لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ جنگلات کی ترقی کیلئے ہم سب مل کر عملی اقدامات کریں اور زیادہ درخت لگا کر بلوچستان کے بنجر اورویران علاقوں کوسرسبز باغات وجنگلات میں بدل دیں۔جنگلات زیرزمین پانی میں اضافہ کرتے ہیں مال مویشیوں کی چراگاہیں اور جنگلی حیات کا مسکن ہیں۔اس سال محکمہ جنگلات وجنگلی حیات کا نعرہ ہے شجر لگا کر ان کی پرورش کریں اور اس کی حفاظت کریں۔
انہوں نے بتایا کہ موسم بہار 2018کے دوران 10لاکھ پودے عوام اداروں سکولوں کالجوں اور فورسز اور نیم سرکاری وغیر سرکاری اداروں میں تقسیم کیئے جائیں گے۔