پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفدکا آج جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کا جمعیت علماء اسلام کی قیادت سے رابطہ ہوا ہے اور بیرسٹر گوہر علی خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کا امکان ہے۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے اسدقیصرکا کہنا تھا کہ عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنےکا ٹاسک دیا ہے۔
اسدقیصرکا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پی ٹی آئی سے اختلافات رہے ہیں، ہمیں ان کے جسموں سےکوئی مسئلہ نہیں، ان کے دماغوں سے مسئلہ ہے، وہ ٹھیک ہوجائیں گے،اگر کوئی سمجھتا ہےکہ دھاندلی ہوئی تو ساتھ آجائے، اگر کوئی سمجھتا ہےکہ دھاندلی نہیں ہوئی تو وہ بیٹھ جائے اور عیاشی کرے۔