سبی نادرا آفس سبی میں عملہ غائب، شہری پریشان، سائلین کی داد رسی کے بجائے اقربا پروری عروج پر، محکمہ نادرا میں جزا و سزا نہ ہونے کی وجہ سے اسٹاف اور عملہ من مانیاں کرتے رہتے ہیں، اہالیان سبی۔ تفصیلات کے مطابق سبی کے نادرا آفس میں اقربا پروری عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اہالیان سبی کا کہنا ہے کہ نادرا آفس سبی سے شناختی کارڈ بنوانا جوئے شیر لانے کے برابر ہے۔ دور دراز علاقوں سے نادرا آفس سبی پہنچنے والے مرد و خواتین کو ٹوکن تک نہیں دیا جاتا۔
اسٹاف کی جانب سے صبح نو بجے کے بعد ٹوکن دینا بند اور عام شہریوں کو واپس گھر بھیج دیا جاتا ہے جبکہ دور دراز علاقوں سے نادرا آفی سبی پہنچنے والے پریشان حال شہری گھنٹوں لائن میں کھڑے رہنے کے بعد گھروں کو خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ دوسری جانب سفارشی کلچر کی بنا پر نادرا اسٹاف اپنے من پسند افراد کو گھر بیٹھے ٹوکن فراہم کرتے ہیں اور سفارشی افراد کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جاتا ہے۔ عوامی حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ اکثر اوقات نادرا آفس کا عملہ تک موجود نہیں ہوتا، دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین اپنے تیار شدہ شناختی کارڈ اور ب فارم تک وصول کیے بنا واپس چلے جاتے ہیں۔
بعض اوقات اسٹاف ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے نادرا کا عملہ عوام کے ساتھ بدتمیزی پر اتر آتا ہے اور نادرا آفس سبی کے ذمہ داروں کا بھی عوام کے ساتھ انتہای غیر ذمہ دارانہ رویہ سے شہری شدید پریشان ہو چکے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ڈی جی نادرا بلوچستان سمیت دیگر ذمہ داروں سے نوٹس لے کر نادرا آفس سبی میں تعینات اکثر غیر حاضر رہنے والے اسٹاف اور عملے کیخلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔