بنگلورو :بھارتی ریاست کرناٹک کے دیہی ترقی اور پنچایت راج کے وزیرایس کے ایشورپا نے ٹھیکیدار اور بی جے پی کارکن سنتوش کے پاٹل کو خودکشی کے لیے اکسانے کے معاملے میں پہلا ملزم نامزد ہونے کے بعد کابینہ سے مستعفی ہونے کااعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ٹھیکیدار اور بی جے پی کارکن سنتوش کے پاٹل نے وزیر کے خلاف بدعنوانی کے الزامات لگائے تھے۔ایس کے ایشورپا نے اپنے آبائی شہر اور حلقہ انتخاب شیواموگا میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ وہ پارٹی کو کسی قسم کی شرمندگی سے بچانے کے لیے کل بنگلورو میں کابینہ سے مستعفی ہو جائیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ انہیں تحقیقات کے بعد الزامات سے بری کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو ریاستی وزیر نے واضح طور پر کہا تھا کہ ان کے کابینہ سے مستعفی ہونے کا سوال ہی نہیں پیداہوتا اور یہ سارا معاملہ ان کی شبیہ کو خراب کرنے کی ایک سازش ہے۔