مانیٹرنگ ڈیسک
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سینٹرل کمیٹی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ حکومت پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر بارشوں اور سیلاب کے پانی کو علاقوں سے نکالنے اور لوگوں کو مشکلات سے چھٹکارا دلانے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے اور بارشوں کے آنے والے اسپیل سے لوگوں اور علاقوں کو محفوظ رکھنے کے لئے بھی منصوبہ بندی کرلی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ پہنچنے کے بعد اپنے حلقہ پی بی 45 میں بارشوں سے متاثرہ مختلف علاقوں اور امدادی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میر ولی محمد قلندرانی ¾ سردار ثناءاللہ ابابکی ¾ میر سعد اللہ جتک ¾ یوسف بنگلزئی ¾ میر محمد خان جتک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
حاجی علی مدد جتک کا کہنا تھا کہ میں آج ہی کوئٹہ پہنچا ہوں اور گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے میرے حلقے کے مختلف علاقے متاثر ہوئے ہیں اس لئے میں نے فوری طور پر پی ڈی ایم اے اور دیگر انتظامی آفیسران اور حکام کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کرکے امدادی کاموں کو مزید تیز کرکے لوگو کو مشکلات سے نجات دلانے کے لئے ہدایت دی ہے تاکہ علاقے سے سیلابی پانی کی نکاسی کا کام فوری طور پر مکمل کیا جاسکے اور لوگوں کو بارشوں اور سیلاب سے پہنچنے والے نقصان سے بچایا جاسکے۔
ملک بھر کی طرح بلوچستان اور کوئٹہ میں بارشیں ہو رہی ہیں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کل سے مزید بارشوں کے اسپیل کی پیشن گوئی کی گئی ہے اس لئے موجودہ حکومت پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے بارشوں اور سیلاب کی صورت حال سے نمٹنے اور لوگوں کو اس سے محفوظ رکھنے کے لئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے لوگوںکو مسائل سے چھٹکارا دلائے اس لئے ہم تمام دستیاب وسائل اور پی ڈی ایم اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت ضلعی انتظامیہ تمام ہیوی مشینری اور عملے کی مدد سے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔