اسلام آباد میں چینی باشندہ کو اپنی کمپنی میں کام کرنے والی پاکستانی خاتون کو آٹھ ماہ تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
معاملہ سامنے آنے پر اسلام آباد کے علاقے کورال پولیس نے ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی جانب سے تھانہ کوررال میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ درج ایف آئی آر میں لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ مئی دو ہزار اکیس سے مذکورہ چینی کمپنی میں پارٹ ٹائم ملازمت کر رہی ہے۔
درج ایف آئی آر میں لڑکی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے چینی مالک قیمنگ ذہینگ نے جنوری دو ہزار بائیس میں اس کا ریپ کیا اور نوکری سے نکالنے کی دھمکی دے کر کسی کو بتانے سے منع کیا تھا۔ لڑکی کے مطابق چینی باشندہ نے اسے آٹھ ماہ تک متعدد بار ریپ کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے چینی باشندے کو گرفتار کرکے اس کا موبائل فون اور پاسپورٹ قبضے میں لے لیا ہے، جب کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل بھی کرالیا گیا۔ لڑکی اور ملزم کے ڈی این اے کے لیے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
درج ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کی عمر 16 سال ہے، جب کہ وہ نویں جماعت کی اسٹوڈنٹ ہے۔
ایف آئی آر میں لڑکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ 7 ماہ اور 26 روز کی حاملہ ہے۔