کوئٹہ: کوئٹہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے، 50 روپے کلو بکنے والا ٹماٹر اب 120 روپے کا ہو گیا۔
کوئٹہ میں عوام کے لئے صرف اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہی نہیں بلکہ سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، شہری مہنگائی سے پریشان ہیں۔ ٹماٹر 50 روپے سے بڑھ کر 120 روپے کلو، لہسن سو روپے اضافے کے ساتھ 250 سو روپے، ادرک 400 سے بڑھ کر 500 روپے، شملہ مرچ 400 روپے کلوجبکہ مٹر150 کلو فروخت ہونے لگا، دیگر روزمرہ استعمال کی سبزیوں میں بھی اضافے نے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔
سبزی فروش کہتے ہیں کہ منڈی سے لایا ہوا مال مہنگا ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ان کی مجبوری ہے۔ سستے داموں فروخت کریں تو انھیں نقصان ہوگا۔
شہریوں کا مطالبہ ہے تو صرف اتنا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے سبزی منڈی سمیت دیگرعلاقوں میں سبزی کی دکانوں پر سرکاری نرخ نامہ جاری کیا جائے تو بڑھتی قیمتوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔