وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کیساتھ ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہا ہے کہ انٹرا افغان مذاکرات افغان امن کے لئے تاریخی موقع ہیں۔ پاکستان افغان امن کے لئے کوششیں جاری رکھےگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطے ہوا ہے، رابطے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پراتفاق ہوا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے دوران ایک دوسرے کو رمضان المبارک سے متعلق تہنیتی پیغامات دیئے گئے۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل میں ترکی کے کردار کی تعریف کی۔
پاک ترک قیادت کا دوطرفہ تعلقات کو سٹریٹجک معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کے لئے اعلی سطح کے تبادلے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکا طالبان امن معاہدے، انٹرا افغان مذاکرات کی مکمل حمایت اور مدد کی ہے۔ افغانستان میں پائیدار قیام امن کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔۔
ان کاکہنا تھا کہ انٹرا افغان مذاکرات ایک تاریخی موقع ہے، افغان قیادت کو وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کے اس موقع کا فائدہ اٹھانا چاہیئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال اکتوبر کو دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، جس میں عمران خان نے رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران ترکی میں آنے والے زلزلے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پشاور میں ہونے والے مدرسہ حملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام دکھ کی گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو آگاہ کیا کہ پشاور میں ہونے والا مدرسہ پر حملہ پاکستان کے دشمنوں نے کروایا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران میں وزیراعظم اور ترک صدر کے درمیان یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
بڑھتے اسلاموفوبیا کے واقعات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر پر باور کرایا کہ مسلمانوں کے خلاف اس طرح کے واقعات کے خلاف مسلم دنیا کو متحد ہونا ہو گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے رہنما مغربی دنیا کے اپنے ہم منصبوں کو خصوصی عقیدت اور پیغمبر اکرم ﷺکے ساتھ تمام مسلمانوں کے ساتھ محبت کے بارے میں آگاہ کریں۔