ایک دن میں 39 ارب ڈالرز کما کر ایشیا کا 5 واں امیر ترین فرد بننے والا شخص

0

ویتنام سے تعلق رکھنے والے Pham Nhat Vuong ایک دن میں 39 ارب ڈالرز کما کر ایشیا کے 5 ویں امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

ان کی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ون فاسٹ آٹو کے شیئرز کی قیمتوں میں امریکی اسٹاک مارکیٹ میں ڈیبیو کے بعد 255 فیصد اضافہ ہوا۔

15 اگست کو ون فاسٹ آٹو نے امریکی اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھا تھا اور پہلے دن اس کے شیئرز کی قیمت 37.06 ڈالرز پر بند ہوئی۔

اس ٹھوس آغاز سے Pham Nhat Vuong کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا جو پہلے محض 5 ارب ڈالرز کے مالک تھے مگر اب ان کے اثاثوں کی مالیت  44.5 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

وہ ون فاسٹ کی سرپرست کمپنی ون گروپ کے چیئرمین ہیں اور الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ رئیل اسٹیٹ، ریٹیل، کنزیومر الیکٹرونکس اور ہیلتھ کیئر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔

ان کی الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنی کی مارکیٹ ویلیو بھی 4 گنا اضافے سے 85 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی اور اس طرح معروف کمپنیوں جنرل موٹرز (46 ارب ڈالرز) اور فورڈ (48 ارب ڈالرز) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اس سے آگے اب محض 2 الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیاں ہیں جن میں ٹیسلا (739 ارب ڈالرز) مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے سرفہرست ہے جس کے بعد چین کی کمپنی بی وائے ڈی (93 ارب ڈالرز) ہے۔

Pham Nhat Vuong ویتنام کے امیر ترین شخص ہیں جن کو کمپنی کے 99 فیصد شیئرز پر کنٹرول حاصل ہے اور اس وجہ سے بہت کم شیئرز دیگر سرمایہ کاروں کو دستیاب ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ مستقبل قریب میں کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں کمی آنے کا امکان ہے۔

ان کی کمپنی ہر سال 3 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں تیار کر رہی ہے اور انہیں امریکا میں متعارف کرانے کے منصوبے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

اس مقصد کے لیے نارتھ کیرولائنا میں ایک فیکٹری تعمیر کی جائے گی جو 2025 تک سالانہ ڈیڑھ لاکھ گاڑیاں تیار کرے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.