صوبائی حکومت تعلیم اورصحت کے شعبوں کی بہتری کےلئے اقدامات کررہی ہے،وزیراعلی بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری

 کو ئٹہ: ویب ڈیسک

ان شعبوں کےلئے مختص فنڈز میں کئی گنا اضافہ کیاگیاہے جس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ءاللہ خان زہری نے کہاہے کہ صوبائی حکومت تعلیم اورصحت کے شعبوں کی بہتری کےلئے ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات کررہی ہے اوراس مقصد کےلئے ان شعبوں کےلئے مختص فنڈز میں کئی گنا اضافہ کیاگیاہے جس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔

حکومت تعلیم اورصحت کے شعبوں میں پاک افواج کی خدمات کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاکستان ایئرفورس کی جانب سے شرح خواندگی میں اضافے اورصوبے کے بچوں کوبہترتعلیم کی فراہمی کے منصوبوں میں ہرممکن تعاون کرے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بیس کمانڈرسمنگلی ایئربیس ایئرکموڈورمحمدندیم صابر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی۔

بیس کمانڈرسمنگلی ایئربیس نے سماجی شعبہ کی ترقی اورکوئٹہ کی خوبصورتی کی بحالی کےلئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن اورعملی اقدامات کو قابل تعریف قراردیتے ہوئے کہاکہ سمنگلی ایئربیس میں بھی ایئرپورٹ روڈ کی خوبصورتی کے منصوبوں کی طرز پر کام کیاجارہاہے ۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ 20نومبر2017ءکو چین کی ایئرفورس اورپی اے ایف کے اشتراک سے ایئرشو کا انعقاد کیا جارہا ہے ،جس کا مقصد CPECمیں دونوں برادر ممالک کے تعاون اوراشتراک کو اُجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کو لڑاکاطیاروں کے مظاہرے دیکھنے کاموقع فراہم کرنابھی ہے،انہوں نے وزیراعلیٰ کوبحیثیت مہمان خصوصی ایئرشومیں شرکت کی دعوت دی۔

وزیراعلیٰ نے ایئرشو کے انعقاد پرمسرت کااظہارکرتے ہوئے اسے اہم پیشرفت قراردیااورکہاکہ وہ اپنی کابینہ اوراراکین اسمبلی کے ہمراہ ایئرشومیں شریک ہوں گے۔

بیس کمانڈر نے وزیراعلیٰ کو پاکستان ایئرفورس میں مقامی افراد کوروزگار کے مواقعوں کی فراہمی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت سمنگلی ایئربیس کے مختلف شعبوں میں مقامی نوجوانوں کی بہت بڑی تعدادخدمات سرانجام دے رہی ہے ،جن کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

وزیراعلیٰ نے مقامی نوجوانوں کوباعزت اورباوقار روزگار کے مواقعوں کی فراہمی پر پاکستان ایئرفورس کاشکریہ اداکرتے ہوئے اس یقین کا اظہارکیا کہ روزگار کے مواقعوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔بعدازاں بیس کمانڈر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کوپی اے ایف کا سوینئرپیش کیاجبکہ وزیراعلیٰ نے انہیں یادگاری شیلڈ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں