وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ میں تاخیر کے باعث دہشت گردی کے واقعات کی فوری تحقیقات میں مشکلات کاسامناہے امن وامان کی صورتحال میں بہتری اورجرائم کی بیخ کنی کیلئے سیف سٹی پروجیکٹ پرجلدازجلد عمل درآمد ضروری ہے۔
ویب ڈیسک
بلوچستان کے لوگوں کوہم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں سالوں پرمحیط مسائل میں سے بیس فیصد بھی حل کرپائے تو کامیابی سمجھیں گے کھلی کچہری لگانے کامقصد عوام کو ریلیف فراہم کرناہے ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی کودرپیش مسائل حل ہوں سرکاری محکمے عوامی شکایات کا دوروز میں ازالہ کرکے سائلین کوان کے فون نمبر پرمطلع کریں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ کھلی کچری کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیاکھلی کچہری میں صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی ،منظورخان کاکڑ، طاہرمحمود خان ،غلام دستگیربادینی ،آغا رضا ،مشیر خوراک میرضیاء لانگو ،مشیر سماجی وبہبود میرشہزاد صالح بھوتانی،مشیر بہبود آبادی میراعجاز سنجرانی اوروزیراعلیٰ بلوچستان کے پولیٹیکل سیکرٹری سید اسلم شاہ نے بھی درخواستیں موصول کیں اوردرخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کوسائلین کی شکایات ازالہ کرنے ہدایات کی۔
کھلی کچہری میں وزیراعلیٰ بلوچستان اورصوبائی وزراء نے بڑی تعد اد میں لوگوں کی شکایات و مسائل سنے،کھلی کچہری کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔
کھلی کچہری کے انعقاد کامقصدعوام کوو درپیش مسائل کاتدارک ہے احساس ہے کہ عام آدمی بہت سی مشکلات اورمسائل سے دوچارہے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عوام نے ہماری حکومت سے جوتوقعات وابستہ کررکھی ہیں ان پرپورااترنے کی ہرممکن کوشش کی جائے اس ضمن میں ڈویڑ ن اورضلعی سطح کے انتظامی افسران کوبھی ٹھوس اورقابل عمل اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام محکمے فعالیت کاعملی مظاہرہ کرتے ہوئے بھیجوائی گئی شکایات اوردرخواستوں پر دوروز میں حتمی احکامات جاری کرکے عوامی مشکلات کا ازالہ کریں اوراسکی باقائد ہ اطلاع درخواست گزار کو اس کے درج شدہ موبائل نمبرپردی جائے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کوبنیادی سہولتوں کی فراہمی ان کی دہلیز پرپہنچانے کیلئے پرعزم ہیں تمام محکمے عوام کی شکایات کاازالہ کریں سائلین کی جانب سے مکمل شنوائی کے عمل تک درخواست پرپیش رفت کاجائزہ لیاجاتارہے گااس ضمن میں سست روی کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں اوربلوچستان کی عوام کے بھرپوررتعاون سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایا ں بہتری آئی ہے اورانشاء اللہ مربوط اقدامات اورعوام کی حمایت سے جلد بلوچستان کو ایک بار پھر امن اوربھائی چار ے کاگہوارہ بنائینگے۔
انہوں نے کہاکہ آواران میں معمول کی زندگی تیز ی سے بحال ہورہی ہے اورمحب وطن عوام کے تعاون سے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ آواران میراگھر ہے آواران کی عوام زندگی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اورمختلف حکومتوں نے انکے مسائل حل کرنے پرخاطرخواہ توجہ نہیں دی جس کے باعث ان کے حساس محرومی میں اضافہ ہوتاگیا وزیراعلیٰ نے آواران کی عوام کویقین دلایاکہ اب بلوچستان کے دیگرعلاقوں کی طرح آواران کے مسائل حل کرکے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے گااورعوام تمام جائزہ شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجائے گا۔